235

آئی جی خیبر پختونخواہ کا نشتر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کوہاٹ کا دورہ، خصوصی بچوں سے ملاقات 

آئی جی خیبر پختونخواہ کا نشتر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کوہاٹ کا دورہ، خصوصی بچوں سے ملاقات 

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے نشتر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کوہاٹ اور یتیم خانے کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔ دورے کے موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کیپٹن (ر) منصور امان، اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ فرقان اشرف، سپرنٹنڈنٹ ویلفئیر ہوم مسعود بنگش ایڈووکیٹ،پی ایس او ٹو آئی جی صمد خان اور ڈی ایس پی سٹی بشیر داد کے علاوہ پولیس و سول انتظامیہ کے دیگر حکام بھی آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام چلنے والی نشتر سپیشل ایجوکیشن اور یتیم خانے کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے وہاں موجود سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ آئی جی پی نے نشتر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کے کلاس رومز کا بھی دورہ کیا جہاں وہ تدریسی عملے اور سنٹر میں پڑھنے والے قوت سماعت وبصارت اورذہنی وجسمانی صحت سے محروم خصوصی بچوں سے بھی ملے اور ان بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ اور ویلفئیر ہوم کے انچارج نے آئی جی پی کو سنٹر کی کارکردگی پر بریفنگ دی اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔آئی جی پی کو یتیم خانے کا بھی دورہ کرایا گیا اور وہاں یتیم بچوں کیلئے دستیاب تعلیمی اور دیگر بنیادی سہولیات کے بارے میں انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سماعت اور جسمانی صحت سے محروم خصوصی بچوں نے آئی جی پی کے سامنے صحت مند و تندرست زندگی کے موضوع پر مبنی خصوصی نظم پیش کرتے ہوئے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا جنہیں آئی جی پی اور وہاں موجود تمام افراد نے بھر پور داد دیکر انکا حوصلہ بڑھایا۔ نشتر سپیشل ایجوکیشن کے دورے کے موقع پر خصوصی بچوں نے مخصوص انداز میں آئی جی پی کو سیلوٹ پیش کرتے ہوئے مستقبل میں پولیس آفیسر زبننے کے خواہش کا اظہار کیا اور انکے مسائل معلوم کرنے پر آئی جی پی کاشکریہ ادا کیا۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے کہا کہ خصوصی بچے ہمارے بھر پور توجہ کے مستحق ہیں اور انکی دیکھ بھال معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ آئی جی پی نے خصوصی بچوں کیلئے قائم سپیشل ایجوکیشن سنٹر اور یتیم خانے میں معیاری تعلیمی سہولیات اور بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے انتظامی اور تدریسی عملے کے کردار کو سراہتے ہوئے قوت سماعت و بصارت سے اور ذہنی و جسمانی صحت سے محروم خصوصی بچوں کیلئے پیشہ وارانہ خدمات پیش کرنے پر انکی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں