81

خدمت عامہ کی بدولت پولیس جوانوں نے عوام کے دلوں میں ڈھاک بٹھا دی ہے، بریگیڈیئر دوست چانڈیو

خدمت عامہ کی بدولت پولیس جوانوں نے عوام کے دلوں میں ڈھاک بٹھا دی ہے، بریگیڈیئر دوست چانڈیو

سیکٹر کمانڈر کوہاٹ بریگیڈیئر دوست جاوید چانڈیو نے کہا ہے کہ علاقائی امن و استحکام پولیس فورس کی لازوال قربانیوں کا مرہونِ منت ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کرنیوالی خیبر پختونخواہ پولیس نے خدمت عامہ کے نتیجے میں عوام کے دلوں میں بھی اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔ مادر وطن کی حفاظت کے لیے جان سے بڑھ کر کوئی قربانی نہیں اور ملک و قوم کی بقاء و سلامتی کے لیے جان کی قربانی کے جذبے سے سرشار پولیس جوانوں کی بہادری پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے او ٹی ایس لائن کوہاٹ میں عید الفطر کے ایام میں بہترین خدمات انجام دینے والے ٹریفک وارڈن پولیس کے افسران و جوانوں میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈی پی او کوہاٹ، مقامی عسکری حکام اور ٹریفک وارڈنز کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر دوست جاوید چانڈیو نے کوہاٹ پولیس کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت پر قابو پانے میں پولیس فورس کا دیگر سیکیورٹی اداروں کے برابر کردار رہا ہے اور پولیس کے ہر رینک کے افسر اور جوان کی یکساں بے لوث قربانیوں کے نتیجے میں امن و استحکام حاصل کیا گیا ہے۔ تقریب کے دوران بریگیڈیئر دوست جاوید چانڈیو نے رمضان المبارک اور عید الفطر کے ایام میں اپنی پیشہ وارانہ خدمات بطریق احسن انجام دیکر شہر کی ٹریفک نظام کو برقرار رکھنے اور لوگوں کو ٹریفک کی مد میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے اعتراف میں ٹریفک وارڈن کوہاٹ کے افسران و جوانوں میں نقد انعامات تقسیم کر کے انکی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ تقریب کے دوران گزشتہ دنوں وزیرستان کے علاقے میں پیش آنیوالے سانحے کے نتیجے میں پاک فوج کے شہید افسران جوانوں کی ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ قیام امن کے لیے انکی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا مانگی گئی۔

شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں