97

چیف سیکرٹری کے زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس، پولیو مہم اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلی بریفنگ 

چیف سیکرٹری کے زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس، پولیو مہم اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلی بریفنگ 

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹرکاظم نیاز نے کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کمشنر کوہاٹ عبدالجبار شاہ، ڈی آئی جی حفیظ طیب چیمہ، ڈی پی او منصور امان اور تمام ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کیپٹن (ر) عبدالرحمان نے چیف سیکرٹری کو ضلع میں پولیو کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ڈینگی کے مؤثر روک تھام کی منصوبہ بندی کی تفصیل بھی پیش کی۔ اسی طرح کوہاٹ بیوٹیفکیشن پراجیکٹ، سپورٹس سرگرمیوں، اے آئی پی، اے ڈی پی، انتظامی اصلاحات اور تحصیل درہ آدم خیل میں اے آئی پی اور اے ڈی پی پروگراموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اسی طرح ڈی آئی جی کوہاٹ نے ریجن میں پولیس کی 45 روزہ کار کردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے پولیس اور انتظامیہ کی کارکردگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔ تاہم انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں سست روی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام محکموں کے افسران کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ضم شدہ تحصیل درہ آدم خیل میں اے آئی پی اور اے ڈی پی منصوبوں میں سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور خبردار کیا کہ اس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے اس موقع پر مختلف ہدایات بھی جاری کیں۔ بعد ازاں چیف سیکرٹری نے کے ڈی اے میں نشتر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کا معائنہ کیا۔ وہ مختلف کلاس روموں میں گئے اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سنٹر کی بہتری کیلئے تمام ضروری سامان کی تفصیل انہیں پیش کی جائے تاکہ سنٹر کے خصوصی بچوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں