295

کوہاٹ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا چھاپہ،غیر معیاری کولڈ ڈرنکس کا ذخیرہ گاڑی سمیت قبضے میں

فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا چھاپہ، گاڑی سمیت 2000 پیکس غیر معیاری کولڈ ڈرنکس قبضے میں

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کوہاٹ نے جمعہ کے روز انڈس ہائی وے پرایک کاروائی کے دوران 2 ہزار سے زائد غیر معیاری کولڈ ڈرنکس کے پیکس بمعہ گاڑی قبضے میں لے لئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کامران خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مذکورہ گاڑی پشاور سے کوہاٹ کو غیر معیاری کولڈ ڈرنکس لارہا تھا جسے فوڈ اتھارٹی نے انڈس ہائی وے پرپکڑ لیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوہاٹ میں مارچ 2019 سے جعلی اور غیر معیاری کولڈ ڈرنکس کے خلاف آپریشنز پورے زور وشور سے جاری ہے اس دوران اب تک 3 گاڑیوں سمیت اس قسم کے 40 ہزار کولڈ ڈرنکس قبضے میں لئے جا چکے ہیں جبکہ 2 ڈسٹری بیوشن پوائنٹس بھی سیل کئے جاچکے ہیں۔

اسی طرح ایک دوسرے آپریشن میں کوہاٹ کے دور افتادہ علاقے شکردرہ میں بھی مضر صحت اجزا کی موجودگی پر 2 آ ؤٹ لیٹس سیل کئے گئے۔ کامران خان کا کہنا تھا کہ شکردرہ میں کل 58 آؤٹ لیٹس کا معائنہ کیا گیا جن میں سے ایک بیکری کو نان فوڈ کلرز کے استعمال جبکہ ایک کریانہ شاپ کو چائنہ سالٹ فروخت کرنے پر سیل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آؤٹ لیٹس مالکان کو بار بار تنبیہ کی گئی تھی جس کے بعد خلاف ورزی پر دُکانوں کو سیل کیا گیا۔ اسی طرح فوڈ اتھارٹی نے گذشتہ دنوں جنگل خیل ایریا میں بھی ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے پر 3 دُکانوں کو سیل کیا تھا۔

شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں