41

پولیس صوبائی سپہ سالار کا جوانوں کے ساتھ افطاری، سپہ سالار کو اپنے درمیان پا کر جوانوں کا خوشی کا اظہار

پولیس صوبائی سپہ سالار کا جوانوں کے ساتھ افطاری، سپہ سالار کو اپنے درمیان پا کر جوانوں کا خوشی کا اظہار

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان نے آج پشاور کے مضافات میں نیٔے ضم شدہ علاقے کے سنگم پر واقع ارباب ٹاپو چیک پوسٹ پر پولیس جوانوں کے ساتھ روزہ افطار کیا۔ چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور، ایس ایس پی پشاور، ایس پی صدر ڈویثرن، ڈی ایس پی بڈھ بیر اور دیگر بھی اس موقع پر اُنکے ہمراہ موجود تھے۔ آئی جی پی کو اپنے درمیان پا کر پولیس کے جوانوں نے خوشگوار حیرانگی کا اظہار کیا۔ آئی جی پی جوانوں سے گھل مل گئے۔ فرداً فرداً سب کے ساتھ ہاتھ ملایا۔ اور رمضان المبارک میں ڈیوٹی کے دوران اُن کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔ آئی جی پی چیک پوسٹ کے مختلف حصوں میں گئے۔اور وہاں پر جوانوں کو دستیاب سہولیات کا بذات خود جائزہ لیا۔اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ دور اُفتادہ علاقے میں قوم کی حفاظت اور عوام کی جان و مال کے تحفظ پر مامور پولیس جوانوں کے ساتھ افطاری کو وہ اپنے لیے انتہائی عزت اور فخر کی بات سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگلاخ اور جنگ زدہ علاقے میں جوانوں کے ساتھ افطاری سے انہیں جو اطمینان قلب اور سکون ملا ہے ۔ اُس کا احاطہ الفاظ میں کرنامشکل ہے۔ آئی جی پی نے جوانوں سے کہا کہ آپ دہشت گردوں اور شرپسندوں کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ آپ ہی کی قربانیوں اور محنت شاقہ کی وجہ سے عوام سکھ کی نیند سو رہے ہیں۔ پولیس نے انتہائی نامساعد اور مشکل ترین حالات میں نہ صرف عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داریاں پوری کیں بلکہ بہادری، شجاعت اور فرض شناسی کے انمٹ نقوش بھی چھوڑے ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ ہر آزمائش کی گھڑی بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اس کے جوانوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض انجام دئیے۔ آئی جی پی نے کہا کہ بے پناہ جانی و مالی قربانیوں کے باوجود فورس کا مورال بلند ہے۔ قبل ازیں آئی جی پی نے پولیس جوانوں کے ساتھ چٹائی پر بیٹھ کر روز ہ افطار کیا۔ اس موقع پر ملک کی یکجہتی، امن و سلامتی اور ترقی کے لیے اجتماعی دعا بھی مانگی گئی۔ آئی جی پی نے جوانوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔ واضح رہے کہ پو لیس کانسٹیبلان کے ساتھ کسی آئی جی پی کا فیلڈ میں ماہ صیام میں روزہ افطاری کا اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے.

شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں