86

قمار بازوں اور منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹ آپریشن تیز کیا جائے، ڈی پی او ہنگو

قمار بازوں اور منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹ آپریشن تیز کیا جائے، ڈی پی او ہنگو

ہنگو میں قمار بازوں اور منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹ آپریشن تیز کیا جائے۔ بینکوں اور سکولوں سمیت پبلک مقامات پر سیکورٹی کیمرے نصب کر کے حفاظتی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔ عوام کے ساتھ پولیس کا رویہ مشفقانہ اور مفاہمانہ ہونا چاہیے۔ زیر التوا مقدمات میں جنگی بنیادوں پر پیش رفت یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاہد احمد خان نے ڈی پی او آفس میں او جی 38 میٹنگ میں پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ غیر معمولی اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن زین خان جدون، ڈی ایس پی اسد زبیر، ڈی ایس پی ٹل شوکت بخاری، ڈی ایس پی حافظ نذیر، دوآبہ، ٹل، ہنگو، صدر، بلیامینہ کے ایس ایچ اووز اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔ اجلاس میں ہنگو میں سیکورٹی صورت حال، سکولوں، ہسپتالوں اور فلنگ اسٹیشنوں کی سیکورٹی، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کارروائیوں اور زیر التوا مقدمات کی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاہد احمد خان نے کہا کہ آئی جی پی خیبر پختونخوا ثناء اللہ عباسی اور ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ کی ہدایت پر پولیس فورس عوام کے جان، مال اور آبرو کے تحفظ کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق فرائض انجام دے رہی ہے اور ضلع ہنگو میں منشیات فروشی، قمار بازی، اسلحے کی نمائش اور دیگر جرائم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور جس تھانے کی حدود میں اس نوعیت کے جرائم کی موجودگی کی اطلاع ہوئی اس تھانے کا ایس ایچ او اور عملہ زمہ دار ہو گا۔ ڈی پی او شاہد احمد خان نے ہدایت کی کہ سکولوں اور بینکوں سمیت فلنگ اسٹیشنوں پر تین دن کے اندر اندر سیکورٹی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے اور زیر التوا مقدمات پر پیش رفت کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر تفتیش کے عمل اور دیگر امور پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں پولیس جوانوں کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں