62

ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ نے عید کے دنوں میں 450 ٹن کچرے کو تلف کیا

ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ نے عید کے دنوں میں 450 ٹن کچرے کو تلف کیا

رمضان عشرہ صفائی مہم کے ساتھ ساتھ ہر سال کی طرح اس سال بھی عیدالفطر کے مو قع پر ڈبلیو ایس ایس سی کو ہا ٹ نے صفائی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ کے انتظامی افسران اور سٹاف کی عید کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی تھیں۔ ڈبلیو ایس ایس سی کے عملے کو عید کے تینوں دن کوہاٹ کی عوام کو صفائی ستھرائی اور پینے کے صاف کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت عید سے پہلے دی جا چکی تھی۔ صفائی کی شروعات عیدالفطر کی نماز کے لئے کوہاٹ کی مختلف عیدگاہوں کی صفائی اور واشنگ کے بعد وہاں چونا ڈال کر کی گئی۔ عید کے تینوں دن صفائی کے عملے نے انتظامی افسران کی نگرانی میں 450 ٹن کچرے کو تلف کیا۔ عید کے موقع پر واٹر سپلائی سٹاف نے بھی صاف پانی کی ترسیل کو ممکن بنایا۔ شہر کی صفائی کویقینی بنانے کے لئے سٹاف نے نائٹ شفٹس میں بھی کام کیا کیونکہ بازاروں میں رش کی وجہ سے دن کے وقت صفائی ممکن نہیں ہوتی۔ عیدالفطر کے موقع پر کوہاٹ میں چھوٹی بڑی مساجد،عیدگاہوں اور ان سے ملحقہ راستوں کے علاوہ تمام شاہراوں پر صفائی، واشنگ اور چونا ڈالنے کا کام بخوبی سر انجام دیا گیا۔ تمام مساجد، عیدگاہوں اور تفر یحی مقامات پر عملہ ہمہ وقت موجود رہا۔ چکر کوٹ،کالج ٹاون، محلہ پراچگان، محلہ رنگڑھ، لاری اڈہ، خیبر کالونی، کے ڈی اے، ہنگو روڈ، پنڈی روڈ، بوانا شریف، جنگل خیل، مصطفی بازاراور دیگر ملحقہ علاقوں میں سینیٹیشن سٹاف نے عید کے تینوں دن صفائی کا آپریشن جاری رکھا۔ ڈبلیو ایس ایس سی کے افسران نے عید اور ماحول کو صاف رکھنے کی مناسبت سے صفائی کا پیغام آگے پہنچانے کے لئے 5 جون کو ماحولیات کا عالمی دن بھی منایا۔ مختلف آگاہی پروگراموں کے ساتھ ساتھ بازاروں میں صفائی آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔اس کے علاوہ ڈبلیو ایس ایس سی کی جانب سے ریڈیو سے عوام کے لئے صفائی کے خصوصی پیغامات نشر کئے گئے۔

شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں