313

مشیرتعلیم خیبر پختونخوا کا گیریزن کیڈٹ کالج کوہاٹ اور گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول نمبر 1کوہاٹ میں تقریبات سے خطاب

مشیرتعلیم خیبر پختونخوا کا گیریزن کیڈٹ کالج کوہاٹ اور گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول نمبر 1کوہاٹ میں تقریبات سے خطاب

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے اساتذہ کرام پر زور دیاہے کہ وہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی بہتر تربیت بھی کریں تاکہ عملی زندگی میں وہ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے شہری اور اچھے انسان بھی بنیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کاشعبہ تعلیم میں اصلاحات کا واحد مقصد معماران قوم کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہے لہذا اس اہم مقصد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر1 کوہاٹ میں نے نئے بلاک کے افتتاح اور ٹیلنٹد طلباء میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس موقع پر 34طلباء میں کیش انعامات تقسیم کئے جبکہ ملی نغمہ میں سکول ہذا کے پورے صوبے میں پہلی پوزیشن، نیٹ بال میں صوبے میں رنر اپ پوزیشن اور باسکٹ بال میں ضلع میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو بھی ٹرافیاں دیں۔ مہمان خصوصی نے مذکورہ سکول کے گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سکول ٹائم میں گراؤنڈ طلباء جبکہ سیکنڈ شفٹ میں عام شہری استعمال کریں گے۔ مشیرتعلیم نے کہا کہ گورنمنٹ ہائی سکولز نمبر2، نمبر3، نمبر4، کمپری ہنسیو اور کاغذئی کوہاٹ کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دے دیا گیا ہے اور عنقریب ان میں انٹر کی باقاعدہ کلاسیں شروع کردی جائیں گی اسی طرح سیکنڈ شفٹ کیلئے پرائمری، مڈل اور ہائی سکولوں کی درجہ بلند ی سے صوبے میں بچوں کی ڈراپ آؤٹ اور آؤٹ آف سکول بچوں کا مسئلہ بھی مستقل بنیادوں پر حل ہو جائے گا۔ ضیاء بنگش نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہے کہ موجودہ مدت میں کوہاٹ کے تعلیم کے حوالے سے تمام مسائل حل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کوہاٹ نے ایجوکیشن میں پورے ملک میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی اور ان کی یہ دلی خواہش ہے اس سال یہ پہلی پوزیشن لے کیونکہ یہاں کے طلباء کسی سے کم نہیں بلکہ سب سے زیادہ باصلاحیت ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کی بہتری کے حوالے سے کوئی بھی حکومت سے اپنی آراء اور تجاویز شیئر کر سکتے ہیں۔انہوں نے انٹر امتحانات کے بعد بورڈ کی سطح پر بھی سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کی ہم نصابی سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے گیریزن کیڈٹ کالج کوہاٹ میں ٹیچنگ سٹاف کے لئے صوبائی حکومت کے فنڈز سے 12 فلیٹس کا سنگ بنیاد بھی رکھا جسے 6 کروڑ روپے کی لاگت سے 9 ماہ میں مکمل کیاجائے گا۔کالج ہذا میں صوبائی فنڈ سے7 کروڑ روپے کی لاگت سے آڈیٹوریم کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں پرنسپل کیڈٹ کالج بریگیڈئر ندیم اور فیکلٹی ممبرز بھی موجودتھے۔

شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں